ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کیرلا میں ایس ڈی پی آئی لیڈر کے قتل کے فوری بعد بی جے پی لیڈر کو بھی اُتارا گیا موت کے گھاٹ؛ الپّول میں دفعہ 144؛ 13 گرفتاریاں

کیرلا میں ایس ڈی پی آئی لیڈر کے قتل کے فوری بعد بی جے پی لیڈر کو بھی اُتارا گیا موت کے گھاٹ؛ الپّول میں دفعہ 144؛ 13 گرفتاریاں

Sun, 19 Dec 2021 18:15:50    S.O. News Service

الپُّول:19؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز)ریاست کیرالا کے الپّول  میں صرف 12گھنٹوں  کے وقفے میں دو سیاسی لیڈران کے قتل  کے بعد ریاست میں حالات کشیدہ ہوگئے ہیں اور انتظامیہ نے  فوری کاروائی کرتے ہوئے   پیشگی احتیاطی اقدامات کے طورپر اعلیٰ پولس افسران کو   زائد دستوں کے ساتھ الّپول روانہ کردیا ہے۔  حالات کو دیکھتے ہوئے  ضلع  ڈپٹی کلکٹر اے الگزینڈر نے   ضلع بھر میں دو دن کے لئے دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کردئے ہیں۔

بتاتے چلیں  کہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  (ایس ڈی پی آئی)  لیڈر  شان کے ایس (38)  سنیچر شام قریب  سات بجے بائک پر سوار   منّے  چیری میں واقع اپنے مکان جارہے تھے تو ایک کار نے پہلے پیچھے سے ٹکر ماری، جیسے ہی شان نیچے گرے، اُن پر دھاردار آلات سے حملہ  کیا گیا۔  شان کے جسم پراور سرپر کئی زخم لگے، انہیں فوری  ایرنا کولم کے پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں  علاج کارگر نہ ہونے سے ان کا انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔

واردات کے  کچھ ہی گھنٹوں بعد بی جے پی کے ایک لیڈر کے بھی قتل کی واردات پیش آئی جس کے تعلق سے سمجھا جارہا ہے کہ بی جے پی لیڈر کے قتل کی واردات بدلہ لینے کے مقصد سے  انجام دی گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر کی شناخت  بی جےپی اوبی سی مورچہ کے سکریٹری رنجیت شری نواسن(40) کے طور پر  کی گئی ہے جن کو اتوار صبح ان کے گھر کے سامنے ہی قتل کیا گیا۔ رنجیت شرینواسن پیشہ سے  وکیل تھے، وہ  صبح   سویرے  سیر و تفریح کےلئے گھر سے  نکلے  تھے۔ 8لوگوں پر مشتمل  ایک گروہ ان پر حملہ کرکے  فرار ہوگیا ۔ شدید زخمی رنجیت کو جب  اسپتال لے جایا گیا تو راستے میں انہوں نے  دم توڑ دیا۔

الپّول میں وقوع پذیر ہوئے دو سیاسی قتل کی  کیرلا کے وزیر اعلیٰ پنرائی وجئین نے کڑی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ  کسی بھی فرد کو قانون اپنے ہاتھ میں لینےکا موقع نہیں دیاجائے گا اور شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی  کی جائے گی۔

پی ایف آئی کا سیاسی بازو ایس ڈی پی آئی  نے اپنےلیڈرشان کے قتل کے پیچھے آر ایس ایس کا ہاتھ ہونے کا الزام لگایا ہے۔ لیکن آر ایس ایس نے اس سے انکار کرتےہوئے کہاہےکہ ہمارا اس میں کوئی رول نہیں ہے۔

پولس دونوں سیاسی قتل کو لےکر اس نتیجے پرپہنچی ہےکہ قتل معاملات کے پیچھے گہری سازش ہے۔ پولس ذرائع کا کہنا ہےکہ  غالباً  ایس ڈی پی آئی لیڈر کا قتل گذشتہ برس وئیلار میں آر ایس ایس کارکن نندوکے  قتل کے بدلے میں   کیا گیا ہوگا۔ پولس کو سراغ ملا ہے کہ کے ایس شان آر ایس ایس کے ٹارگیٹ پر تھے۔  

گرفتاریاں :ایس ڈی پی آئی لیڈرکے ایس شان اور بی جے پی لیڈررنجیت شری نواسن قتل معاملات کو لےکر پولس نے گرفتار یاں شروع کردی ہیں۔پولس جانکاری کے مطابق ایس ڈی پی آئی لیڈر قتل معاملےکو لےکر پولس نے  دو بی جےپی کارکنان پرساد اور کوچوکوٹن  کو منّے چیری سے گرفتارکیاہے۔ اسی طرح   بی جے پی لیڈر  کے قتل معاملے کو لےکر پولس نے  11ایس ڈی پی آئی  کارکنان کو بھی گرفتارکیا ہے۔ چار ایس ڈی پی آئی کارکنان کو ایمبولنس سے تحویل میں لیاگیاہےلیکن پولس نے ان کی شناخت یا تفصیل نہیں بتائی ہے۔ اسی طرح ایس ڈی پی آئی کی ایک ایمبولنس کو بھی تحویل میں لینے کی بات کہی جارہی ہے۔

ریاستی پولس چیف انیل کانت نے بتایا کہ قتل معاملات کو لےکر تفتیش اور جانچ ہورہی ہے۔ اے ڈی جی پی وجئے سکھارے ، جنوبی ریجنل کے انسپکٹر جنرل   آف پولس  ہرشیتا اتّالوری وغیرہ الپّول میں ہی  ٹھکانہ ڈال کر حالات پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔

 


Share: